پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد بابراعظم نے بھی مطالبہ کر دیاہے کہ انہیں اگر کپتان بنانا ہے تو پھر تینوں فارمیٹ کا بنایا جائے ، وہ اپنے مطالبے پر ڈٹ بھی گئے ہیں ۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق محسن نقوی نے نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دینے کے بعد اسے کپتان سے متعلق تجاویز کی ہدایت کی جس پر سلیکشن کمیٹی نے محمد رضوان اور بابراعظم کا نام بھجوایا ۔ چیئرمین نے مشاور ت کے بعد بابراعظم کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا لیکن اب دعویٰ سامنے آ رہاہے کہ بابراعظم نے بھی مطالبہ کر دیاہے کہ انہیں تینوں فارمیٹ میں کپتانی دی جائے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹیسٹ کی کپتانی شان مسعود جبکہ ٹی ٹوینٹی کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کے پاس ہے ، پی ایس ایل میں مسلسل ناکامی پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی قومی ٹیم کی کپتانی خطرے میں آ گئی ہے ۔
گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اشارہ دیا کہ پیسر کی قیادت کے بارے میں فیصلہ ہونا باقی ہے، ان دنوں کاکول ملٹری اکیڈمی میں 29قومی کرکٹرز کی فٹنس ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم ٹی 20سیریز کا آئندہ ماہ کے وسط میں آغاز ہوگا، کیمپ میں شریک کرکٹرز میں سے ہی کیویز سے مقابلوں کیلیے سکواڈ کا انتخاب ہونا ہے، بیشتر کھلاڑی وہی ہوں گے جو سلیکٹرز کے ورلڈکپ پلان میں شامل ہیں، بعد ازاں 1،2تبدیلیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے، بورڈ کا تھنک ٹینک مستقبل کیلیے پاکستان کرکٹ کی درست سمت متعین کرنا چاہتا ہے۔