پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی کیٹیگری ڈی سے بی میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ بورڈ کی پالیسی سے مطابقت رکھتا ہے کہ اگر A یا B کیٹیگری سے کم سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑی کو کپتان مقرر کیا جاتا ہے، تو ان کے معاہدے کو ان کی کپتانی کی مدت کے لیے کیٹیگری B میں اپ گریڈ کر دیا جاتا ہے۔
34 سال کی عمر کے شان مسعود کو 15 نومبر 2023 کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 سائیکل کے اختتام تک ٹیسٹ کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز کے طور پر، انہوں نے 30 ٹیسٹ میچوں میں 1,597 رنز بنائے ہیں۔ مسعود آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بطور کپتان پہلی بار پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ میلبورن میں 26 سے 30 دسمبر تک اور تیسرا ٹیسٹ سڈنی میں 3 سے 7 جنوری تک کھیلا جائے گا۔