پاکستان کے ورلڈ کپ کے امکانات پر ناصر حسین اور آئن مورگن کی پیشین گوئیاں

پاکستانی ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کے امکانات کتنے ہیں؟ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دو سابق کپتانوں ناصر حسین اور آئن مورگن نے اہم پیش گوئی کر دی ہے۔ ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے کہا کہ پاکستان آئی سی سی ٹورنامنٹس میں مستقل طور پر ایک مضبوط ٹیم ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ پاکستانی ٹیم کچھ بھی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ایک دن وہ سب سے نیچے ہوسکتے ہیں، لیکن اگلے دن وہ کسی کو شکست دے سکتے ہیں. پاکستان کی ورلڈ کپ مہم کی کامیابی کا انحصار ان کے تیز گیند بازوں کی فٹنس پر ہوگا۔ فی الحال شاہین آفریدی فٹ ہیں جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ کے کچھ مسائل ہیں۔ ان تینوں باؤلرز کی موجودگی پاکستان کو خطرناک ٹیم بنا سکتی ہے کیونکہ ون ڈے کرکٹ میں وکٹ لینے والے باؤلرز کا اہم کردار ہوتا ہے۔

ناصر حسین نے مزید کہا کہ بابر اعظم بطور بلے باز ٹاپ پوزیشن پر فائز ہیں، جبکہ فخر زمان اگرچہ اس وقت آؤٹ آف فارم ہیں، ٹاپ آرڈر میں اہم ہیں۔ تاہم پاکستان کی تشویش ان کے اسپنرز کی کارکردگی پر ہے جو اس وقت اچھی فارم میں نہیں ہیں۔

اس کے برعکس سابق انگلش کپتان آئن مورگن نے خیال ظاہر کیا کہ پاکستان کو مستقبل میں سری لنکا میں کی گئی اپنی غلطیوں کو دہرانے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک متوازن سائیڈ کی مالک ہے۔ حالیہ نتائج پاکستان کے لیے ایک قابل قدر رہنما کا کام کریں گے، کیونکہ وہ بلاشبہ ایک مضبوط ٹیم بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے