قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کپتان بابراعظم کے بیٹنگ اسٹائل میں ایک بڑی خامی کی نشاندہی کی ہے ۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں لطیف نے بابراعظم کی بلے بازی کے اسٹائل میں خامی کا ذکر کرتے ہوئے ان پہلوؤں کا بھی ذکر کیا جدھر ان کو اپنی بیٹنگ میں بہتری لانی ہوگی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نہ صرف بابراعظم بلکہ ویرات کوہلی کو بھی اسی مشکل کا سامنا ہے ۔ یہ دونوں بلے باز کھیل کے دوران اپنا پورا پاؤں باہر نہیں نکالتے اور گیند کو جسم کے قریب کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اور اگر گیند میں سوئنگ ہو تو زیادہ چانس ہیں کہ یہ آؤٹ ہوجائیں ۔ راشد کا کہنا تھا کہ جب دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بابراعظم نے اپنی سینچری مکمل کرنے کیلئے شاٹ کھیلی تو گیند گلی پوائنٹ کے اوپر سے ہوکر گئی تھی ۔ مایہ ناز وکٹ کیپر نے بابراعظم کو یہ مشورہ دیا کہ انہیں اب اپنی اس خامی کو دور کرنا ہوگا ۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان پر آئی ہوئی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے فاسٹ باولر ووکس اس بات کو بھانپ گئے ہیں کہ اگر بابراعظم پر سوئنگ بال اثر نہ کررہی ہو تو آؤٹ کرنے کیلئے سلو بال کارگر ثابت ہوسکتی ہے ۔
یہی وجہ ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف بابراعظم ابھی تک 3 میچوں میں صرف ایک میچ میں بہتر اسکور کر سکے ہیں ۔ اور مجھے نظر آرہا ہے کہ اگر بابر نے اپنی اس خامی پر قابو نہ پایا تو آگے کے دو میچوں میں بھی نیوزی لینڈ کے باولرز بابراعظم کو مشکل میں ڈال کر رکھیں گے