پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم سے ایک مرتبہ پھر سے مشاورت نہیں کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ہوم سیریز کے لیے دونوں سکواڈز کو حتمی
شکل دے دی ہے جس کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا تاہم بابر اعظم حتمی ٹیم سے لاعلم ہیں۔ رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ بابر اعظم سعودی عرب سے پاکستان واپس آئے جہاں وہ عمرہ ادا کرنے گئے تھے اور ٹیم سلیکشن پر مشاورت کے لیے جلد واپس آئے۔ تاہم سلیکشن کمیٹی نے کسی کھلاڑی کو شامل کرنے یا خارج کرنے کے حوالے سے ان سے مشاورت نہیں کی۔ اس کے بجائے، انہوں نے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے کوچنگ اسٹاف کے مشورے پر انحصار کیا۔ علاوہ ازیں ذرائع نے یہ بھی مزید کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف مکی آرتھر کا انتخاب ہے اور کپتان کو یہ بھی معلوم نہیں کہ سیریز کے لیے اسکواڈ میں کون ہے۔ دریں اثنا، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پیوٹکے ویزوں کے لیے اپلائی کرنے کے لیے کنٹریکٹ کا انتظار کر رہے ہیں
اور اگر پی سی بی مطلوبہ کاغذی کارروائی مکمل کر لیتا ہے تو وہ سیریز سے قبل قومی اسکواڈ میں شامل ہو جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ابھرتے ہوئے کھلاڑی احسان اللہ اور صائم ایوب جنہوں نے گزشتہ ماہ افغانستان سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں سیریز کا حصہ ہوں گے۔