ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی نے آل راؤنڈر شاداب خان کو افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا کپتان بنانے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے آج اپنے ایک ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شاداب کو پاکستانی ٹیم کا کپتان بنانے پر لکھا کہ ‘سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے اور شاداب جیسے
باصلاحیت نوجوان کو موقع دینے کا پی سی بی کا یہ فیصلہ بہت ہی زبردست ہے۔ سابق کپتان آفریدی نے کہا کہ میں شاداب کو میدان میں خود کو ثابت کرنے کے موقع کو دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے حوالے سے حکومت کا مؤقف ہے بھارت اگر یہاں نہیں آئے گا تو پاکستان بھی وہاں نہیں جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کا مؤقف ہے کہ ایشیا کپ پاکستان سے شفٹ کرنا چاہیے، آئی سی سی اور اے سی سی سے معاملے پر بات کرنا پڑے گی اور کوئی نہ کوئی پوزیشن لینا پڑےگی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ اس معاملے پر حکومت کا موقف پوچھا ہے، حکومت کا موقف ہے کہ بھارت یہاں نہیں کھیلے گا تو پاکستان وہاں نہیں کھیلے گا، ہماری ٹیم کو بھارت میں سیکیورٹی کا مسئلہ ہے۔