کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اتوار کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے آٹھویں میچ میں روایتی حریف لاہور قلندرز کے ساتھ میچ سے قبل ٹیم کو بے پناہ اعتماد دینے کا سہرا ٹیم مینٹور وسیم اکرم کو دیا۔ عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل وسیم بھائی نے سب کیساتھ ایک لمبی
میٹنگ کی اور تمام کھلاڑیوں کو اعتماد دلایا ۔ انہوں نے ہمیں کہا کہ دباؤ نہ لیں اور جارحانہ انداز میں کھیلیں . عامر یامین نے قلندرز کے خلاف اپنے تین اوورز میں صرف 18 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ کنگز کے اہم بولر محمد عامر کے دائیں ٹانگ میں درد کی وجہ سے میدان چھوڑنے کے بعد انہوں نے شاندار بولنگ کی۔ عامر کی ان کے ڈگ آؤٹ میں موجودگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر عماد وسیم نے کہا کہ وہ ورلڈ کلاس باؤلر ہیں اور وہ ان سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عامر بھائی عالمی معیار کے باؤلر ہیں مجھے ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، ہاں وہ آج باہر گئے اور مجھے ان کی جگہ باؤلنگ کرنی پڑی۔ ہمارا پلان لائن اور لینتھ پر گیند کرنا تھا اور میں نے اسے کر دکھایا۔ انہوں نے اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ عامر ٹھیک کر رہے ہیں
اور اگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ کنگز اب 23 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف کھیلنے کے لیے ملتان جائیں گے۔ملتان سے تعلق رکھنے والے عامر نے اپنے آبائی شہر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آئیں اور ان کی ٹیم کو سپورٹ کریں۔