گزشتہ سال ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان کے خلاف پاکستان کی ناقابل یقین فتح میں نسیم شاہ کے دو چھکے لگانے کے بعد شارجہ اسٹیڈیم اگلے ماہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
ماضی کے تلخ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار شارجہ سٹیڈیم میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دونوں ممالک کے تماشائیوں کو الگ الگ انکلوژر میں بٹھانے کی تجویز ہے۔ شارجہ اسٹیڈیم کے سینئر افسر نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ ایشیا کپ کے میچ کے بعد افغان تماشائیوں نے جو کیا وہ شرمناک تھا، پولیس اور سیکیورٹی ادارے بھی صورتحال پر تشویش کا شکار ہیں۔ ضابطہ اخلاق بنایا جا رہا ہے۔ پاکستانی تماشائیوں کے لیے الگ انکلوژرز اور افغان تماشائیوں کے لیے الگ انکلوژرز بنائے جائیں گے تاہم تماشائیوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کے علاوہ نجی سیکیورٹی کیمروں کی مدد سے تماشائیوں کو کنٹرول کرے گی اور تماشائیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے گزشتہ ہفتے شارجہ میں 3 میچز کرانے کا فون پر پیغام دیا تھا، شارجہ پولیس کی مدد سے سیکیورٹی پلان بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے بعد اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل شارجہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ون ڈے سیریز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تبدیل کر دیا گیا ہے، تینوں میچز رمضان المبارک میں ہونے کا امکان ہے، ان میچز کی میزبانی افغان بورڈ کرے گا۔