لاہور: پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی20 سیریز رواں سال مارچ کے آخر میں ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دونوں ٹیمیں شارجہ میں 3 ٹی20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔
بورڈ چیف کا کہنا ہے کہ افغانستان کے دورہ آسٹریلیا کی منسوخی کے بعد یہ سیریز متبادل مصروفیت کے طور پر شیڈول کی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی آمدنی میں افغانستان کو برابر کا حصہ دینا خوش آئند فیصلہ ہے اور ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ جنوری میں افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا تھا۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے افغانستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کے باعث افغانستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نوین حق نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) ادھوری چھوڑ دی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی پر میچ کے وقت تو پریشر ہوتا ہی ہے لیکن انہوں نے اپنے نکاح کے وقت بھی پریشر محسوس کیا۔
سوشل میڈیا پر شاہین اور انشا کی شادی کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نکاح کے بعد اپنے دوستوں سے ملنے کیلئے آتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سب سے پہلے کرکٹر نسیم شاہ، شاہین سے گلے ملتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس کی تو ہنسی ہی چلی گئی، جس کے جواب میں شاہین ہنستے ہوئے کہتے ہیں کہ اندر بہت پریشر تھا۔