محمد رضوان اس سال بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں اپنے پہلے میچ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ۔ رضوان، جو ہفتہ کو ہیلی کاپٹر پر ڈھاکہ چٹوگرام سے فورچون باریشال کے خلاف کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرنے کے لیے روانہ ہوئے، 11 گیندوں پر صرف 18 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ جن میں صرف دو باونڈریز شامل تھیں۔
وکٹورینز کو 178 رنز کا تعاقب کرنا تھا لیکن وہ ہدف سے پیچھے رہ گئے۔ رضوان کے ہم وطن خوشدل شاہ نے ناٹ آؤٹ 43 رنز بنائے لیکن ان کی اننگز رائیگاں گئی۔ وکٹورینز ہدف کے جواب میں 7-165 رنز ہی بنا سکی۔ واضح رہے کہ رضوان جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔ کراچی میں میچ ختم ہوتے ہی وہ ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔ پاکستانی اسٹار میچ سے ایک گھنٹہ پہلے میدان میں اترے اور انہیں پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
وکٹ کیپر بلے باز نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے تین میچوں میں 91 کی اوسط سے 182 رنز بنائے۔دائیں ہاتھ کے بلے باز نے سیریز میں دو نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کو بھی وکٹورینز میں شامل ہونا تھا لیکن وہ ایونٹ سے دستبردار ہوگئے۔
وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 سے قبل ملک میں اپنی بحالی جاری رکھیں گے۔ شاہین اس سال پی ایس ایل میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے۔