کراچی: شان مسعود کو نیوزی لینڈ کے خلاف 9 جنوری سے شروع ہونے والی تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ شان، جنہوں نے تین سال بعد قومی ون ڈے ٹیم میں واپسی کی ہے، شاداب خان کی غیر موجودگی میں آئندہ ہوم سیریز کے دوران بابر اعظم کے نائب ہوں گے،
شاداب کی گزشتہ ہفتے کاونٹی کرکٹ کے ایک میچ میں انگلی میں انجری ہوگئی تھی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنا آخری ون ڈے مارچ 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلا۔ انہیں ٹیم میں تجربہ شامل کرنے کے لیے حارث سہیل کے ساتھ ون ڈے ٹیم میں واپس بلایا گیا ہے۔ عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے جمعرات کو 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تجربہ کار حارث سہیل اور شان مسعود کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کے پاس اب بھی پاکستان کرکٹ کو پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ مسعود اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ بننے والے تین ون ڈے میچز بالترتیب 9، 11 اور 13 جنوری کو نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کا سکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود (نائب کپتان)، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، امام الحق، کامران غلام، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ سلمان علی آغا، شاہنواز دہانی، طیب طاہر اور اسامہ میر