چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی چھٹی کروائے جانے کا عندیہ

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، جیو نیوز نے ہفتے کے روز ذرائع کے حوالے سے یہ خبر اپنے پلٹ فارم پر شئیر کی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ سیٹھی کی مبینہ طور پر لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی اور کہا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نے سیٹھی کو پی سی بی کا نیا چیئرمین بنانے کا عندیہ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے سیکرٹری نے چیئرمین کی تبدیلی کی سمری وزیراعظم ہاؤس بھجوا دی ہے۔راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تبدیلی کی خبریں ماضی میں چند بار گردش کرتی رہی تاہم انہوں نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان اور 1992 کے ورلڈ کپ کے فاتح راجہ کو گزشتہ سال ستمبر میں متفقہ اور بلا مقابلہ پی سی بی کے 36ویں چیئرمین کے طور پر تین سال کی مدت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

نجم سیٹھی نے 2018 میں پی سی بی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جب عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا۔ سیٹھی کو 2017 میں تین سال کی مدت پر تعینات کیا گیا تھا، تاہم خان کے ساتھ ان کے کھٹے تعلقات کے نتیجے میں ان کی جلد ہی علیحدگی ہوئی۔

نجم سیٹھی 2013 اور 2014 میں پی سی بی کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے