پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کپتان بابر اعظم کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار سنچری سکور کرنے پر ایم جی ایسنس تحفے میں دینے کا اعلان کردیا۔
پیر کو پاکستان سپر لیگ 9 کے تیرہویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی نے پہلےکھیلتے ہوئے5 وکٹ کے نقصان پر 201 رن بنائے، زلمی کے کپتان بابراعظم 111 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، بابراعظم کی 63 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 2 چھکے اور 14چوکے شامل تھے۔ہدف کے جواب میں اسلام آباد کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 193 رن بناسکی
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار سنچری سکور کرنے پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بابر اعظم کو قیمتی گاڑی تحفے میں دینے کا اعلان کیا۔سوشل میڈیا پر بیان جاری میں جاوید آفریدی نے لکھا کہ’ بابراعظم کیلئے ایم جی کا تحفہ، میڈان پاکستان، وہ پہلا شخص ہو گا جو یہ ایم جی ایسنس چلائے گا‘‘۔

واضح رہے کہ یہ بابر اعظم کی پی ایس ایل میں دوسری سنچری تھی۔