پاکستانی کرکٹر حارث رؤف آسٹریلیا کے خلاف آئندہ سیریز میں شرکت سے انکار کیوجہ سے خود کو مشکل میں ڈال لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حارث رؤف، زمان خان اور اسامہ میر کو 7 دسمبر سے شروع ہونے والی آسٹریلین بگ بیش لیگ میں شمولیت کے لیے ابھی تک کوئی سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری نہیں کیے ہیں۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور فی الحال اس پر غور جاری ہے۔ تاہم ایک غیر ملکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلیا جانے کا موقع مسترد کرنے والے فاسٹ بولر حارث رؤف کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مشکلات کا نتیجہ ممکنہ طور پر سنٹرل کنٹریکٹ کے زمرے میں ان کی تنزلی اور بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے این او سی سے انکار کی صورت میں ہو سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے کچھ عہدیدار حارث رؤف کے رویے سے ناراض ہیں اور لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید کی جانب سے حارث کی حمایت میں پیش کیے گئے دفاع سے مایوس ہیں۔ غور طلب ہے کہ حارث رؤف نے کام کے بوجھ اور فٹنس کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سے باہر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ حارث رؤف اور اسامہ میر دونوں میلبورن سٹارز کے ساتھ سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں جبکہ زمان خان کا سڈنی تھنڈر سے معاہدہ ہے۔ ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی نے خدشات کو جنم دیا ہے اور اس میں شامل تمام فریقوں کے لیے ایک چیلنجنگ صورتحال پیدا کر دی ہے۔