بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر پانے کے باوجود بابراعظم کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ آسٹریلیا میں ہونے والی آئندہ ٹیسٹ سیریز اور اس کے بعد نیوزی لینڈ میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے لیے بابر اعظم کی جگہ تبدیل نہ کرنے کے حوالے سے غور کررہے ہیں ۔ کیونکہ اس وقت بابراعظم کے علاوہ اور کوئی ایسا کھلاڑی نہیں جو انکی جگہ لینے کی اہلیت رکھتا ہو ۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کو کرکٹ ٹیم پر اس مشکل دور میں آپریشنز کی نگرانی کرنے کی واضح ہدایت جاری کی ہے۔ اگرچہ پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی کپتانی میں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی لیکن ٹیسٹ میچوں میں ان کی کارکردگی میں بہتری نظر آئی ہے۔
اس لیے دورہ آسٹریلیا کے دوران بابر اعظم کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے لیے مکی آرتھر اور دیگر غیر ملکی کوچز کو تبدیل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔