پاکستان کے کپتان شاداب خان نے جمعہ کو افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی ہارنے کے باوجود اپنی نوجوان ٹیم کی بھرپور طریقے سے حؤصلہ افزائی کی۔ پاکستان نے نسبتاً نوجوان ٹیم کو میدان میں اتارا، جس میں چار ڈیبیو کھلاڑی شامل تھے، کیونکہ پی سی بی کی جانب سے اس سیریز کے لیے
کئی سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ شاداب نے میچ کے بعد گفتگو میں کہا کہ”یہ سیریز ہمارے نوجوانوں کے لیے ہے، ہم نے انہیں اعتماد دلانے کی کوشش کی، بعض اوقات بین الاقوامی کرکٹ کے اعصاب کی وجہ سے نوجوان ایسا پرفارم نہیں کرپاتے جس کی ان سے توقع کی جاتی ہے لیکن ہمیں ان کا ساتھ دینا پڑتا ہے کیونکہ ان کے پاس ٹیلنٹ ہے، اور امید ہے کہ وہ اپنے آنے والے میچز میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ شاداب خان کا مزید کہنا تھا کہ “یہ کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہمیں اس پر یقین ہے۔ ہمیں صرف ایک اچھی کارکردگی کے بعد کسی کو اسٹار نہیں بنانا چاہیے اور نہ ہی ایک ناکامی کے بعد اسے چھوڑ دینا چاہیے۔ ہم ان کھلاڑیوں کی پشت پناہی کریں گے اور انہیں سیریز کے دوران پرفارم کرنے کا پورا موقع دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ میچ کے دوران بیٹنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی۔
“ہماری بولنگ اور فیلڈنگ واقعی اچھی تھی لیکن بدقسمتی سے ہماری بیٹنگ درست نہیں تھی۔ تاہم، مجھے امید ہے کہ یہ کھلاڑی پی ایس ایل کی طرح آگے بڑھیں گے، "انہوں نے کہا۔