پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے موجودہ سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجی تو پاکستانی ٹیم بھی بھارت نہیں جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ اگر بھارتی بورڈ نے مزاکرات کے بعد بھی اپنی پوزیشن نہ بدلی تو ایشیا کپ کسی غیر جانبدار مقام پر کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں بھیجتا تو پاکستانی ٹیم بھی پھر بھارت نہیں جائے گی۔ ذرائع کے مطابق یو اے ای اور قطر کے ناموں کو نیوٹرل وینیوز قرار دیا جا سکتا ہے، اگر ایشیا کپ متاثر ہوا تو ورلڈ کپ 2023 اور چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھی ڈیڈ لاک ہو جائے گا۔ اے سی سی اور آئی سی سی دونوں کے اجلاس مارچ میں شیڈول ہیں، دوسری جانب اے سی سی اجلاس میں افغانستان کرکٹ پر بھی بات ہوئی اور بورڈ نے افغانستان کا بجٹ 9 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عہدیدار نے پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیاء کپ 2023ء میں اگر بھارت کی ٹیم نہیں کھیلتی تو کوئی اسپانسر نہیں ملے گا۔
بی سی سی آئی کے عہدیدار نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، ایشیاء کپ کو ہر صورت منتقل کرنا پڑے گا۔ کوہلی، روہت، شبمن گِل کے بغیر ٹورنامنٹ کو کوئی اسپانسر نہیں ملے گا۔