کیا بھارت ایشیا کپ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجے گا ؟ بھارتی بورڈ نے آخری فیصلہ سنادیا

ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اس سال ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو سونپی گئی تھی تاہم سیکریٹری بی سی سی آئی اور صدر اے سی سی جے شاہ نے ایک ماہ قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایونٹ اس سال ستمبر میں ہونا ہے۔ اس لیے بھارتی ٹیم پاکستان بالکل نہیں جائے گی،

اگر بھارتی ٹیم کیساتھ میچ کھیلنا ہے تو مقام کوئی نیوٹرل ہی ہوگا۔ جس کے جواب میں ایکس چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھی اپن سخت موقف اختیار کیا اور کہا کہ اگر بھارتی ٹیم نہیں آئی تو پاکستانی کرکٹ ٹیم اکتوبر میں شیڈول ون کے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا۔ اے سی سی کا ایونٹس کیلنڈر جاری کیا گیا تو اس میں ایشیا کپ موجود رہا مگر میزبان کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ موجودہ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے دبئی میں ہونے والی میٹنگ کے دوران ایشین باڈی کے عہدیدار کو بورڈ کا اجلاس بلانے پر راضی کیا تھا جو اتوار کو بحرین میں ہوگا۔ نجم سیٹھی کے ساتھ چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین بھی پاکستان کا مقدمہ پیش کرنے کے لیے موجود ہوں گے۔ جے شاہ اجلاس کی صدارت کے لیے بحرین پہنچ گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان میں ایشیا کپ کا کوئی امکان نہیں، بی سی سی آئی اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، ایونٹ کو یو اے ای یا سری لنکا منتقل کیا جائے گا تاہم میزبانی کے حقوق پی سی بی کے پاس رہیں گے۔

ایک بی سی سی آئی عہدیدار کے مطابق جے شاہ بورڈ میٹنگ کیلیے بحرین میں ہیں مگر بھارت کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ بلو شرٹس پاکستان نہیں جائیں گے کیونکہ حکومتی کلیئرنس حاصل نہیں ہوسکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے